. user-image
Software Solutions Company

سلم اور اسمارٹ رہیے

ایک معروف ماہر غذا کا کہنا ہے کہ․․․․کم چکنائی،کم نشاستے اور بعض مخصوص قسم کے اناج کا استعمال وزن گھٹانے میں معاون ہو سکتا ہے۔کئی لوگوں میں چربی پیدا کرنے والے خلیوں کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے۔ایسے لوگوں کے لئے وزن کم کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔رسیلے ترش پھل یا ان کا جوس،سیب،اسٹرابیری یا لہسن کا استعمال چربی پیدا کرنے والے خلیوں کے افعال میں کسی حد تک درستگی پیدا کر سکتا ہے۔

ان اشیاء کے استعمال سے انسانی جسم موٹاپے سے محفوظ رہتے ہوئے متناسب،دلکش اور خوشنما دکھائی دے سکتا ہے۔سبزیاں اور ایسے کھانے جن کے اجزائے ترکیبی میں ریشے دار نباتات شامل ہوں موٹاپے کے خلاف نہایت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ایسی سبزیاں جن میں قدرتی طور پر پیشاب آور اجزاء موجود ہوتے ہیں موٹاپا رفع کرنے میں معاون ہیں۔

ریشے دار غذائیں آنتوں کے نظام پر مفید اثرات مرتب کرتی ہیں۔

ماہرین غذا اس بات پر متفق ہیں کہ وٹامن سی کا استعمال جسم کی چربی کو نہ صرف کم کرتا ہے بلکہ اس کی تحلیل میں بھی نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔یہ جسم میں موجود کولیسٹرول کی مقدار میں بھی عدم توازن نہیں ہونے دیتا۔سیب اور اسٹرابیری کے علاوہ بیر اور گوندنی میں پروٹین کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ پانی کو جذب کرکے خلیوں کو چربی یا موٹاپے کے اثرات سے پاک کر دیتا ہے۔

آئیے دیکھیں کہ وہ کون سی غذائیں ہیں جن کے کھانے سے ہم اسمارٹ ہو سکتے ہیں۔
بلیو بیریز
روزانہ مٹھی بھر بلیو بیریز سے آپ اپنی خوراک میں رنگ بھر سکتے ہیں۔یہ نیلی بیریاں جامن سے الگ ہوتی ہیں اور ہمارے ہاں اکثر بڑے اسٹورز میں بھی دستیاب ہیں۔بلیو بیریز میں اینٹی آکسیڈنٹس کی سطح بہت بلند ہوتی ہے جو ہمارے جسم کو نقصانات اور بیماریوں سے بچاتے ہیں۔

ریسرچ سے یہ بات بھی معلوم ہوئی ہے کہ بلیو بیریز جھریوں اور جلد پر پڑنے والی شکنوں سے محفوظ اور بڑھاپے میں بھی ذہن کو فعال رکھتی ہیں۔وزن میں کمی کے خواہش مند بلیو بیری سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔
رس بھری
ولایتی رس بھری (Raspberries) میں ریشے یا فائبر کے علاوہ آئرن،پوٹاشیم،وٹامنز A اور C موجود ہوتا ہے جو بھوک پر کنٹرول کرکے وزن کو مناسب حد تک رکھتے ہیں۔

رس بھری میں وہ قدرتی مرکبات بھی ہوتے ہیں جو امراض قلب کا مقابلہ کرنے میں ہماری مدد کرتے ہیں اور بظاہر کینسر کا خطرہ کم کرنے میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔
اسٹرابیریز
اسٹرابیریز میں پانی کی زیادہ مقدار اور کیلوریز کم ہوتی ہیں۔اگر بڑے پیالے میں بھر کر اسٹرابیریز کھائی جائیں تو صرف 27 حرارے ملیں گے۔اس میں وٹامن سی بھی بہت زیادہ ہوتا ہے۔

ریسرچ میں یہ دیکھا گیا ہے کہ اسٹرابیریز کھانے والے افراد اپنا وزن کم رکھنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔یہ بات دھیان میں رہے کہ اسٹرابیریز کے ساتھ بالائی یا کریم شامل نہ کی جائے۔
بروکلی
ریسرچ سے یہ معلوم ہوا ہے کہ بروکلی (پھول گوبھی جیسی سبز رنگ کی ترکاری) سے سینہ اور پروسٹیٹ کے سرطانوں سے تحفظ ملتا ہے۔اس میں اینٹی آکسیڈنٹس کے ساتھ ساتھ جسم میں موجود فاسد مادوں کو ختم کرنے والے اجزاء بھی ہوتے ہیں۔

کولیسٹرول کی سطح کم کرنے اور بلڈ پریشر گھٹانے میں بھی بروکلی کا کردار ہے۔اس سبزی میں سنگترے سے زیادہ وٹامن سی پایا جاتا ہے۔آئرن اور کئی وٹامنز بھی موجود ہیں۔
سنگترے/کینو
رس دار پھلوں میں نارنگی یا کینو کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔یہ ناصرف ہمیں،دل کی بیماریوں،انفیکشنز اور سوزشوں سے محفوظ رکھتے ہیں بلکہ انہیں کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کم کرنے والا بھی سمجھا جاتا ہے۔

نزلہ زکام سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے اس میں وٹامن سی بھی کافی ہوتا ہے۔اس پھل کی اضافی خوبی یہ ہے کہ ایک درمیانے سائز کے سنگترے میں صرف 56 کیلوریز ہوتی ہیں اور چکنائی صرف نام کو ہوتی ہے۔جو سلم رکھنے میں معاون ہو سکتے ہیں۔
بند گوبھی
بند گوبھی اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور اور جسم سے فاسد مادوں کی قدرتی صفائی کرنے والی ہوتی ہے۔

بند گوبھی کو باقاعدگی سے اپنی غذا میں شامل کرکے زیادہ وزنی افراد اپنا وزن کم کر سکتے ہیں۔اس میں ریشے بہت زیادہ ہوتے ہیں اور اسے کھانے سے دیر تک پیٹ بھرا رہنے کا احساس ہوتا ہے۔بند گوبھی جسے کرم کلا بھی کہتے ہیں،سینہ،پروسٹیٹ اور قولون کے سرطان سے بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔
گندنا
لہسن اور پیاز کے پتوں جیسی ایک سبزی گندنا (Leeks) کہلاتی ہے۔

جو لوگ اپنا وزن کم رکھنا چاہتے ہیں انہیں اس سبزی پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ اس میں حرارے بہت کم اور آئرن اور مینگانیز جیسی قدرتی منرلز بہت ہوتی ہیں جو کھانا ہضم کرنے کے لئے خامروں کو متحرک کرتی ہیں۔گندنا میں وٹامن B6 اور C بھی ہوتے ہیں جو خون میں شکر کی سطح کو مستحکم رکھتے ہیں۔
ٹماٹر
ٹماٹر کو ”کرشماتی پھل“ کہا جاتا ہے ٹماٹر کھانے سے بہت کم حرارے ملتے ہیں۔

ایک درمیانے سائز کے ٹماٹر میں 10 سے 15 کیلوریز ہوتی ہیں،جس کا مطلب یہ ہے کہ ڈائٹنگ کرنے والوں کے لئے یہ آئیڈیل غذا ہے۔ٹماٹر میں وٹامنز C،A اور E کی خاص مقدار ہوتی ہے۔اسے کھانے سے کینسر کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
پیاز
ماہرین کے مطابق ایک ہفتے میں دو سے تین پیاز کھائی جائیں تو اس سے صحت پر کافی اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

پیاز میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ نزلہ زکام سے لے کر قولون،پروسٹیٹ اور سینے کے سرطان تک سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ان میں کرومیم کی سطح بھی بہت بلند ہوتی ہے جس سے جسم میں ہارمون کی سطح متوازن رہتی ہے اور خواتین میں ایام کی تکالیف کا احساس کم ہوتا ہے۔
سیب
یہ جملہ تو اب ضرب المثل ہے کہ روزانہ ایک سیب کھائیں اور ڈاکٹروں سے دور رہیں۔

دیگر سپر فوڈز کی طرح سیب بھی ہمیں امراض قلب سے محفوظ رکھتا ہے۔سیب میں شامل پیکٹن کولیسٹرول کم کرتا ہے اور جسم کو فاسد مادوں سے نجات دلاتا ہے۔یہ جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے میں معاون ہے۔
نٹس/گری دار میوے
گری دار میوے وٹامنز،منرلز اور فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں۔مغزیات وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کے لئے بہترین ناشتے کا سامان بھی ہیں۔

جائزوں سے پتہ چلا ہے کہ مٹھی بھر مغزیات کھانے سے بڑی حد تک بھوک مٹ جاتی ہے اور جنک فوڈز کی طرف رغبت نہیں ہوتی۔اگر ہفتے میں چار دن ان کو اپنی خوراک میں شامل کیا جائے تو اس سے دل کی بیماری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
کیلا
کیلے میں دیگر پھلوں کے مقابلے زیادہ کیلوریز ہوتی ہیں لیکن جو لوگ ورزش کرتے ہیں ان لوگوں کے لئے ورزش سے پہلے،اس کے دوران اور بعد میں جسم کو توانائی فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ کیلے ہو سکتے ہیں۔

کیلے میں پوٹاشیم کی قابل ذکر مقدار ہوتی ہے جس سے بلڈ پریشر کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔اس میں وٹامن B6 بھی زیادہ ہوتا ہے جو جلد اور بالوں کو صحت مند رکھتا ہے۔
چقندر
چقندر میں طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ کے باعث کھال نقصانات سے محفوظ رہتی ہے۔چقندر میں چکنائی نہیں ہوتی اور حرارے بہت کم ہوتے ہیں۔جو لوگ اپنے وزن کو ایک حد کے اندر رکھنا چاہتے ہیں،ان کے لئے یہ ایک اچھی غذا ہے۔
مٹر
مٹر کے چھوٹے سبز دانے وٹامنز A اور C اور آئرن کے حصول کا اچھا ذریعہ ہیں۔مٹر سے پروٹین،کاربوہائیڈریٹ اور فائبر کی وافر مقدار مل سکتی ہے۔اس میں چکنائی بہت کم ہوتی ہے۔

.

Comments

.

© 2022 All rights are reserved by MCQsMaker.com | Design by KodeWhiz.com
info@kodewhiz.com